ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کسان مخالف قانون واپس لینے ریاستی حکومت کو ہدایت دینے کا مطالبہ، لینڈ ریفارمس ایکٹ میں ترمیم سے متعلق سدارامیا کا وزیر اعظم کو مکتوب

کسان مخالف قانون واپس لینے ریاستی حکومت کو ہدایت دینے کا مطالبہ، لینڈ ریفارمس ایکٹ میں ترمیم سے متعلق سدارامیا کا وزیر اعظم کو مکتوب

Fri, 28 Aug 2020 22:25:39    S.O. News Service

بنگلورو،28؍اگست(ایس او نیوز) سابق وزیر اعلیٰ و اپوزیشن لیڈر سدا رامیا نے کہا کہ ریاستی حکومت نے لینڈ ریفارمس ایکٹ میں ترمیم کرکے بڑی غلطی کی ہے۔اس سے ریاست میں زمینداری نظام دوبارہ شروع ہو جائے گا۔ قانون میں ترمیم کے بعد ریاست میں لینڈ مافیا پھر سے سر اٹھانے لگے گا۔ اپنے ان خدشات کا اظہار کرتے ہوئے سدارامیا نے وزیر اعظم نریندر مودی کو مکتوب روانہ کیا ہے۔ اپنے مکتوب میں انہوں نے کہا ہے کہ ریاستی حکومت کے نئے تحویل اراضی قانون سے غریب کسانوں کو بہت نقصان ہوگا۔ ریئل اسٹیٹ مافیا کو بڑھاوا ملے گا۔ کسان کا استحصال ہوگا، وہ اپنی زمینوں سے بھی محروم ہوکر دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہوجائیں گے۔ سدارامیا نے کہا کہ ریاستی حکومت نے کسی سے صلاح و مشورہ کے بغیر قانون میں ترمیم کی ہے۔ ترمیم سے قبل اپوزیشن پارٹیوں کو بھی اعتماد میں نہیں لیاگیا۔انہوں نے کہا لینڈ ریفارمس ایکٹ کسانوں کے مفادات کے تحفظ کے لئے اہم قانون ہے۔ سابق وزیراعظم اندرا گاندھی اور ریاست کے سابق وزیر اعلیٰ اور پسماندہ طبقات کے مسیحا آنجہانی دیوراج ارس نے بڑی محنتوں سے یہ قانون تیار کروایا تھا۔ ریاستی حکومت نے اس قانون میں ترمیم کے لئے ریاستی اسمبلی کی منظوری تک نہیں لی، نا ہی اس سلسلہ میں اسمبلی میں قرارداد پیش کی گئی اور اسمبلی میں بحث کا موقع دئے بغیر آرڈی ننس کے ذریعہ ترمیم کی گئی ہے۔ اس طرح کا رویہ ایک منتخب حکومت کو زیب نہیں دیتا، کیونکہ یہ جمہوری اصولوں کے بالکل منافی ہے۔ سدارامیا نے وزیر اعظم سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ریاستی حکومت کو لینڈ ریفارمس ایکٹ میں ترمیم کو واپس لے۔انہوں نے وزیر اعظم مودی سے اپیل کی ہے کہ کسانوں کے مفادات کے تحفظ کی خاطر اپنے اثر و رسوخ کا استعمال کرتے ہوئے پرانے قانون کو دوبارہ جاری کرائیں۔


Share: